سیکیورٹی گارڈ ہلاکت کیس:روحیل اصغر کی درخواست ضمانت منظور

شائع 09 جون 2016 08:18am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد :اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سیکیورٹی گارڈ ہلاکت کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما روحیل اصغر کی درخواست ضمانت منظورکرلی۔

ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے سیکیورٹی گارڈ کی ہلاکت کیس کی سماعت کی،ملزم روحیل اصغربھی عدالت میں موجود تھے۔

ملزم کے وکیل ضیاءحسین کاظمی کاموقف تھا کہ میرے موکل کو پولیس نے خانہ نمبر 2میں رکھ کر بےگناہ قرار دیاہے،سیکیورٹی گارڈ کی ہلاکت کے وقت روحیل اصغر پروگرام میں تھے پولیس کوثبوت کے طور پر سی ڈیز بھی فراہم کی گئیں۔

ملزم کے وکیل نے استدعا کی کہ قابل ضمانت دفعہ ہے، ضمانت منظور کی جائے،مدعی کے وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیا اس ملک میں صرف غریبوں کو ہی گاڑیوں کے نیچے کچلا جاتا ہے،پولیس نے قتل کی دفعہ نہیں لگائی کیونکہ ملزم کا تعلق حکمران جماعت سے ہے۔

عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر پہلے فیصلہ محفوظ کیا پھرضمانت منظورکرلی،عدالت نے ملزم کو حکم دیا ہے کہ 2روزمیں علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں 1لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائے جائیں۔