ایف سولہ طیاروں کی ڈیل کا باب بندہوچکا،سیکریٹری دفاع

شائع 13 جون 2016 05:23pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

سیکریٹری دفاع محمد عالم نے کہاہے کہ ایف سولہ طیاروں کی ڈیل کا باب بند ہو چکا ہے۔

یہ بات انہوں نے سینیٹ کی دفاع اور خارجہ امور کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی،سیکریٹری دفاع محمد عالم خٹک نے بتایا کہ اب پاکستان اردن سے ایف سولہ طیارے خریدے گا۔اس موقعے پر سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کے مطابق امریکا کیساتھ تعاون میں کچھ سرخ لکیریں ہیں جن کی پاسداری لازم ہے۔پاکستان دنیا کی بہت سی طاقتیں پاکستان کے جوہری اثاثوں کے درپے ہیں لیکن نیوکلیئرپروگرام پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

افغانستان کی جانب سے حالیہ جارحیت پر سیکریٹری خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر افغان تلخ بیانات کا جواب نہیں دے رہے لیکن ایسا نہیں کہ افغانستان کوجواب دینے کیلئے زبان یا دست و بازونہیں ہیں۔

اعزاز چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان نے اپنی کوئی پوسٹ یاعلاقہ کسی کو نہیں دیا۔انگور اڈا میں افغانستان کو ان کے علاقے میں ہی گیٹ بنا کر دیا گیا۔اس موقعے پر کمیٹی کے سربراہ مشاہد حسین سید نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات ہوں یا ان پر حملے امریکا کی پالیسی سمجھ سے بالا ترہے۔ لگتا ہے واشنگٹن میں ہماری آوازسنائی دیتی ہے نہ ہی کوئی دوست ہے۔