کوئٹہ میں حساس اداروں اورپولیس کی کارروائی، 5’دہشت گرد ‘ہلاک

شائع 14 جون 2016 05:44am
فائل فوٹو فائل فوٹو

کوئٹہ:کوئٹہ میں حساس اداروں اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 5’دہشت گردوں‘کو مقابلے میں ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، حساس اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم کے’ دہشت گرد ‘کوئٹہ کے نواحے علاقے چشمہ اچوزوئی باغ میں بڑی تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں،  جس پر حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی تو’دہشت گردوں ‘نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔

 جوابی کارروائی میں 5’دہشت گرد وں ‘کو ماردیا گیا، ہلاک’ دہشت گردوں ‘کے قبضے سے 3کلاشنکوف، 2پستول، دستی بم، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور 2موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں، ہلاک’ دہشت گردوں ‘کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔

آج نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بتایا کہ دہشت گردوں نے پولیس پر حملے کی کوشش کی اور جس پر پولیس نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔

وزیرداخلہ بلوچستان نےپولیس کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بلوچستان کو’دہشت گردوں ‘سے پاک کیا جائےگا۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہلاک دہشت گردوں کی ابھی شناخت نہیں ہوئی۔