سلو بھائی کے بیان پر سوشل میڈیا پر نیا تنازعہ

شائع 21 جون 2016 12:50pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

سلمان خان کو سوشل میڈیا پر اپنے اس بیان پر شدید تنقید کا سامنا ہے کہ وہ سخت ورزش کے بعد خود کو ایک ایسی عورت کی طرح محسوس کرتے ہیں جس کا ریپ ہوگیاہو ۔

سلمان خان آجکل فلم سلطان کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور فلم کی کہانی ایک ایسے بڑھتی ہوئی عمر کے ریسلر کے گرد گھومتی ہے جوکہ دوبارہ ریسلنگ رنگ میں واپسی کا خواہاں ہوتا ہے ۔فلم کیلئے آجکل سلوبھائی کو انتہائی سخت ورک آوٹ کرنے پڑ رہے ہیں اور ان کو اپنے بہت سے شیڈول میں تبدیلی بھی کرنی پڑی ہے ۔ایک مقامی ویب سائٹ کو انٹرویو میں سلمان خان کا کہنا ہے کہ شوٹنگ کے بعد وہ سیدھا چلنے کے قابل بھی نہیں رہتے تھے اور جب بھی وہ فلم سلطان کی شوٹنگ کے بعد رنگ کے باہرآتے تو انکو اس عورت کی طرح محسوس ہوتا جسکا ریپ کردیا گیا ہو۔

دوسری جانب سلوبھائی کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ بپا ہے اور انکے مداحوں نے انکو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔سوشل میڈیا پر گوتم ورما نامی مداح نے اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی مداح سلمان خان کے اس بیان کی حمایت کرتا ہے تو وہ صرف اور صرف ایک مایوس کرنے والی تخلیق ہے جبکہ بھارتی جتنا پارٹی کی ترجمان شائنا نے کہا ہے کہ ریپ کا تعلق ایک ایسی طاقت سے ہے جو کہ عورت کی عزت نفس کا پامال کرنے کیلئے استعمال کی جاتی ہے اور جہاں تک وہ سلمان سے متعلق جانتی ہیں وہ عورت کی بہت عزت کرتے ہیں ،لہذا سلمان کو اپنے بیان پر ہر صورت معافی طلب کرنی چاہیے ۔

واضح رہے کہ سلو بھائی کی نجی زندگی بھی تنازعات سے بھری پڑی ہے اور حال ہی میں وہ ہٹ اینڈرن کیس سے بری ہوئے ہیں جبکہ تاحال ان کو مغربی بھارت کے علاقوں میں غیر قانونی ہتھیار سے ہرن کے شکار پر مقدمات کاسامنا ہے ۔