پاکستانی ڈراموں نے بھارتی ڈراموں کو مات دے دی

اپ ڈیٹ 28 جولائ 2016 10:15am

fawad00000000

ڈرامے کسی بھی ملک کی پہچان ہوتے ہیں ،یوں تو ہر ملک میں ڈرامے بنائے اور دیکھے جاتے ہیں لیکن پاکستانی ڈراموں کی بات ہی الگ ہے۔

پاکستانی ڈراموں کا جادو بھارتی عوام پر بھی سر چڑھ کر بولتا ہے ،اسی لئے تو انہوں نے پاکستانی ڈراموں کیلئے ایک پورا چینل ہی بنا لیا۔

جی ہاں ہم بات کررہے ہیں بھارت کے نجی چینل اور زی ٹی وی کے نئے چینل 'زندگی 'کی جس پرپاکستانی ڈرامے نشر کئے جاتے ہیں ،اور نہ صرف نشر کئے جاتے ہیں بلکہ بے انتہا پسند بھی کئے جاتے ہیں۔

گزشتہ کچھ دن پہلے 17 جولائی 2016 سے 24 جولائی 2016 تک 'زندگی' پر 'فواد فیسٹیول 'منایا گیا جس میں صرف پاکستان کے معروف اداکار فواد خان کا ڈرامہ (زندگی گلزار ہے) دکھایا گیا۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ فواد فیسٹیول منایا گیا ہو ،بلکہ ایسا کئی بار ہو چکا ہے کہ  فواد خان کے بہترین ڈرامے (ہمسفر اور زندگی گلزار ہے) پورا دن نشر کئے گئے،اور لوگ انہیں ہر بار  بے انتہا شوق سے دیکھتے ہیں۔

بھارتی عوام کی پاکستانی ڈراموں کو پسند کرنے کی کئی وجوہات ہیں ،جن میں کہانی کا حقیقت سے قریب تر ہونا ،کم اقساط جن میں اختتام لازمی دکھایا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستانی ڈراموں میں  اداکاری بیحد جاندار ہو تی ہے ،کردار بے جا فیشن،میک اپ اور زیورات سے اجتناب برتتے ہیں ،اس کے برعکس  انڈین ڈراموں میں زیورات اور فیشن کی بھرمار ہوتی ہے۔

ایک وقت تھا جب پاکستانی  لوگ 'کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی،کہانی گھر گھر کی،کسوٹی زندگی کی 'کے دیوانے تھے،لیکن آج پاکستانی ڈراموں نے ان کا سحر نہ صرف پاکستان میں ختم کردیا ہے بلکہ بھارت میں بھی ختم کردیا ہے۔

پاکستانی ڈراموں کی بھارت میں نمائش کاسب سے بڑا فائدہ ہمارے اداکاروں کو ہوا ہے ،انہیں نہ صرف بھارتی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا ہے بلکہ وہ عالمی طور پر پہچانے جانے لگے ہیں ،اس کی بہترین مثال فواد خان اور ماہرہ خان ہیں،جن کے مقبول ترین ڈرامے ہمسفر نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ۔

فواد خان بولی وڈ کی فلموں (خوبصورت،کپور اینڈ سنز) میں اپنی جاندار اداکاری کی بدولت داد سمیٹ چکے ہیں جبکہ ماہرہ بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلموں میں قدم رکھنے جا رہی ہیں۔