میگا کرپشن کیس میں ریمانڈ پوراہونے پرخالد لانگو جیل منتقل

شائع 05 اگست 2016 10:15am
فائل فوٹو فائل فوٹو

کوئٹہ:احتساب عدالت نے بلوچستان میگا کرپشن کیس میں ریمانڈ پورا ہونے پرسابق مشیرخزانہ خالد لانگو کو جیل بھیج دیا۔

کرپشن کے الزام میں گرفتاربلوچستان کے سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کو نیب حکام نے آج 80 روزہ ریمانڈ پورا ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا، میگا کرپشن کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج جسٹس عبدالمجید ناصرنے کی۔

عدالت نے خالد لانگو اور ان کے ساتھی سید سہیل مجید شاہ کو ریمانڈ پورا ہونے پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کردیئے جبکہ کیس کی سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی گئی ہے۔ جیل جانے سے قبل احاطہ عدالت میں خالد لانگو نےمیڈیا سے مختصر بات چیت میں قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

دوسری جانب بلوچستان میگا کرپشن کیس میں نامزد 3 ملزمان ایڈمنیسٹریٹر میونسپل کمیٹی خالق آباد سلیم شاہ، اکاؤنٹنٹ ندیم اقبال اور کنسٹرکشن ایڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کے افسر طارق علی۔ مجسٹریٹ کے سامنے پہلے ہی اقبال جرم کرکے وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں جبکہ مرکزی ملزم سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی بھی جیل میں ہیں۔