ن لیگ کا ریفرنس بلیک میلنگ کی کوشش ہے،عمران خان

شائع 05 اگست 2016 04:14pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کو مسلم لیگ ن کے ریفرنس کو بلیک میلنگ قرار دیا ہے، عمران خان کا کہنا ہے  کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو الزام تراشی نہیں کریں گے، کرپٹ لوگوں کو جیل میں ڈالیں گے، پانامہ پیپرز پر تحریک انجام کو پہنچائیں گے۔

اسلام آباد میں نیوزبریفنگ کے دوران عمران خان نے خیبرپختونخوا کا نیا احتساب ایکٹ پاس کرنے پر مبارکباد دی اور کہاکہ اب احتساب کمیشن پر کوئی اثر انداز نہیں ہوسکتا، ایسا ایکٹ نیب کا ہوتا تو ہمیں احتساب تحریک کی ضرورت نہ پڑتی، اب کوئی بھی اقتدار میں آکر اپنا کاروبار نہیں کر سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم کے حتساب کیلئے سات اگست کو شروع ہونے والی تحریک منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی، بدعنوانی روکنے کے ذمہ دار اداروں کو فرض کی ادائیگی کیلئے مجبور کیا جائے گا، حکمران جو مرضی کریں میں آخر تک جاونگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جو ٹی او آرز نواز شریف کے لیے بنیں انہی پر میرا احتساب بھی کرلیں ، میرے خلاف تین سال کے بعد کیوں اسپیکر اسمبلی کو ریفرنس دائر کرنے کی ضرورت پیش آئی، یہ جمہوری عمل نہیں مافیا والا ہتھکنڈہ ہے اور وزیراعظم اس کے سربراہ ہیں۔

عمران خان نے سارک کانفرنس میں بھارتی وزیر کیخلاف چوہدری نثار کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات برابری کی سطح پر ہونا چاہئیں۔