نیب:مضاربہ اسکینڈل،ستاون کروڑ روپے وصول

شائع 05 اگست 2016 05:54pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:نیب نے مضاربہ اسکینڈل کیسز میں ستاون کروڑ روپے ریکور کرا لئے ۔ متاثرین کو رقوم کی ادائیگی کیلئے فہرستیں بھی  مرتب کی جا رہی ہیں ۔ یئرمین نیب کا کہنا ہے کہ مالیاتی فراڈ، اختیارات اور سرکاری فنڈز کے غلط استعمال والے کسیز کی تحقیقات ہماری ترجیح ہے۔

مضاربہ اسکینڈل پر پیشرفت کے جائزہ کیلئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیرصدارت اجلاس اسلام آباد میں ہوا،اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مضاربہ اسکینڈل کے  انتیس میں سے  اٹھائیس کیسز کے ریفرنس دائر ، ایک کی تحقیقات جاری ہیں۔

چیئرمین نیب کو بتایا گیا کہ مضاربہ اسکینڈل میں بیالیس سے زائد  ملزم گرفتار ہوئے جن سے  ستاون کروڑ روپے ریکور کرائے گئےجبکہ متاثرین کو رقوم کی ادائیگی کیلئے فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں۔

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کا کہنا تھا کہ مالیاتی فراڈ، دھوکہ دہی، اختیارات اور سرکاری فنڈز کے غلط استعال والے کیسز کی تحقیقات نیب کی ترجیح ہے ۔ گزشتہ  سولہ برس میں نیب نے  نو سو چھیتر ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے۔