سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان
فائل فوٹوکراچی :وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، کراچی میں بارش کے بعد سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کیلئے بھی احکامات دے دیے ہیں،وزیراعلٰی نے گورنر سندھ سے ملاقات کر کے امن کے قیام تک ٹارگٹڈ آپریشنز جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ بارش کے دوران بھی عملی طور پر متحرک رہے،بارش کے بعد شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے،جس پر وزیراعلٰی نے فوری طور پر کے الیکٹرک کے ایم ڈی کو فون گھمایااور انہیں متاثرہ علاقوں کی جلد سے جلد بجلی بحال کرنے کی ہدایت کی۔
جسکے بعد وزیراعلٰی گونرہاؤس جا پہنچےاور گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی۔اس موقعے پرانہوں نے کہا کہ سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔بارش کے پانی کی فوری نکاسی کیلئے احکامات دے دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل اولین ترجیح ہے،ملاقات میں اتفاق ہوا کہ امن کیلئے جاری ٹارگٹڈ آپریشنز کو انکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کا کہنا تھا کہ صوبے کے امن کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔