لاہور سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش

شائع 27 اگست 2016 08:27am
rain لاہور سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش

لاہور:لاہور سمیت بالائی پنجاب میں صبح سویرے موسلا دھار بارش نے جل تھل  کردیا۔

لاہور میں صبح سویرے چھائے سیاہ بادل خوب جم کر برسے اور گرجے،موسلا دھار بارش نے شہر کو ایک بار پھر سے ڈبو دیا،ہربنس پورہ،جیل روڈ،مال روڈ،گڑھی شاہواورلکشمی چوک سمیت متعدد علاقوں میں کھڑے پانی نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔

 بارش کے باعث جہاں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، تو وہیں 20 سے زائد فیڈر ٹرپ کرنے سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوگیا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ برسات کے موسم میں نامناسب انتظامات کے باعث باران رحمت ان کے لئے زحمت بن گئی۔

لاہورمیں سب سے زیادہ بارش ائیر پورٹ کے علاقہ میں 111 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جس کے باعث نجی ائیر لائنز کی لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کرنیوالی پروازوں کا روٹ تبدیل کرکے ملتان منتقل کردیا گیا۔