تحریک انصاف کا ایم کیو ایم اراکین اسمبلی سے استعفے کا مطالبہ

شائع 28 اگست 2016 10:30am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے فاروق ستار اور ان کے ساتھیوں سے اسمبلیوں سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ۔ پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ محض اظہارِ لاتعلقی ناکافی ہے ۔

اسلام آباد سے جاری ہونے والے ایک بیان میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا کہ فاروق ستار سمیت ایم کیو ایم کو 2013 میں ان کے قائد کا مینڈیٹ میسر آیا ۔

فاروق ستار سمیت پارلیمنٹیرینز اسمبلیوں میں قائد ایم کیوایم کی نمائندگی کرتے تھے ۔ متحدہ قائدین اگر لندن سے رابطہ منقطع کرچکے ہیں تو وہ مستعفی ہوکرعوامی عدالت سے رجوع کریں۔

 نعیم الحق کا کہنا تھا کہ محض نمائشی اظہار لاتعلقی سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی ۔  انہوں نے کہا کہ اگر متحدہ رہنما مستعفی نہیں ہوتے تو سمجھیں گے کہ پس منظر میں ان کا رابطہ لندن سے برقرار ہے۔