رواں مالی سال کے ریونیو میں خسارے کا سامنا

شائع 30 دسمبر 2015 12:41pm

fbr

اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذرائع کے مطابق رواں مالی سال ٹیکس وصولی کا ہدف اکتیس کھرب چار ارب روپے ہے، تاہم وصولی میں مسلسل کمی کے پیش نظر ایف بی آر کو رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں بھی ریونیو میں خسارے کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق اکتوبر سے دسمبر دوہزار پندرہ کے دوران وصولی کا ہدف سات سو پچاس ارب روپے تھا، لیکن اب تک صرف چھ سو پچاس ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا، اس طرح دوسری سہ ماہی کے دوران ریونیو خسارے میں سو ارب روپے کا سامنا ہے ، پہلی سہ ماہی کے دوران چھ سو چالیس ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں صرف چھ سو ارب روپے جمع ہوسکے تھے۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے نومبر میں پاکستان کے لیے قرضے کی قسط کوچالیس ارب روپے خسارہ پورا کرنے سے مشروط کر دیا جس کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تیس نومبر کو تین سو سے زائد درآمدی مصنوعات پر ڈیوٹیز اور ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دی اور یکم دسمبر سے اس کا اطلاق ہوا۔منی بجٹ کی صورت میں مختلف درآمدی اشیا پر ٹیکس کی شرح بڑھائی گئی، اور اب دوسری سہ ماہی کا خسارہ پورا کرنے کے لئے بھی ایک اور منی بجٹ کی تجویز زیرغور ہے۔