ہارٹ آف ایشیا کانفرنس ،افغان مفاہمتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق

شائع 09 دسمبر 2015 04:58pm

asia_image

اسلام آباد:ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے پلیٹ فارم پر افغان مفاہمتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کر لیا گیا۔مفاہمتی عمل کی بحالی پر اتفاق پاکستان ، افغانستان، امریکا اور چین کے اجلاس میں کیا گیا۔ افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ امن کے قیام کیلیے مفاہمتی عمل کی بحالی بہت ضروری ہے۔
پاکستان ،افغانستان ،چین اور امریکا کے درمیان افغان مفاہمتی کی بحالی پر اتفاق ہوگیا۔چاروں ممالک کے حکام کی ملاقات وزیراعظم ہاوٴس میں ہوئی،جس میں تمام مالک نے اس بات پر اتفاق کیا گیا افغانستان میں قیام امن کیلئے مفاہمتی عمل ضروری ہے۔
اس موقع پرافغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا سلسلہ جہاں سے ٹوٹا تھا وہیں سے جوڑا جائے۔
افغانستان میں تعمیر و ترقی کیلئے امن بہت ضروری ہے۔افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا پر زور دیا گیا ہے کہ افغانستان کی خود مختاری کا احترام کیا جائے۔ رکن ممالک امن عمل میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔
افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں۔دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ سیکیورٹی اور دہشتگردی خطرات کسی ایک ملک کے نہیں سب کے لئے یکساں ہیں دہشتگردوں کی مالی معاونت کو بھی مل کر ختم کرنا ہو گا۔