معروف بھارتی اداکار اوم پوری انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2017 07:08am

om-puri

ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کے باصلاحیت اور معروف اداکار اوم پوری  66 برس کی عمر میں چل بسے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق آج صبح اوم پوری کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا،ان کی مو ت کی تصدیق  ان کے قریبی دوست اور فلمساز اشوک پنڈت نے کی۔

انہوں نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  اوم پوری کو آج صبح دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال لایا گیا  لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر  اس افسوس ناک خبر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ  آج صبح   ہمارے بہترین  ساتھی اداکار دل کادورہ پڑنے کے باعث ہم سے بچھڑ گئے۔

اوم پوری کا شمار بھارت کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے ،وہ نہ صرف بولی وڈ میں بلکہ پاکستان شو بز انڈسٹری  میں بھی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا جادو جگا چکے ہیں۔پاکستانی فلم "ایکٹر ان لا"میں ان کی پرفارمنس کو بہت زیادہ پسند کیا گیا تھا۔

بہترین پرفارمنس کے باعث  انہیں  بھارت کے چوتھے سویلین ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ اوم پوری پاک بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی  کیخلاف آواز اٹھانے والے اداکاروں میں شامل تھے،جس کے باعث انہیں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

اوم پوری کی اچانک موت پر نہ صرف بھارتی اداکار بلکہ پاکستانی فنکار بھی بیحد غمزدہ ہیں۔

بشکریہ:انڈین ایکسپریس