خیبرپختونخواہ میں پولیس کا مبینہ آپریشن،چھیالیس افراد گرفتار

شائع 08 جنوری 2016 08:24am

police00000000

نوشہرہ :صوابی،نوشہرہ اور کرک کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران چھیالیس مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا، ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پر فائرنگ کرنے والا شدت پسند ہلاک ہوگیا۔

صوابی کے علاقے سیلم خان میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو اہم شدت پسند کمانڈرز کو گرفتار کر کے بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس پر فائرنگ کے بعد جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کا شدت پسند مارا گیا، ہلاک دہشتگرد شاہد ڈی آئی خان جیل سے فرار اور ڈی ایس پی بہاول کے قتل میں ملوث تھا۔

ادھر رشکئی اور رسالپور سمیت نوشہرہ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں سمیت چونتیس مشتبہ افراد پکڑے گئے، کرک کے علاقے تخت نصرتی سے دس مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، زیر حراست ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔