ابھی میں زندہ ہوں،میرے مرنے کی خبریں جھوٹی ہیں'،فریدہ جلال'
ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ فریدہ جلال کے متعلق سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے یہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں ،یہ خبر سن کر جہاں ان کے مداحوں کو صدمہ لگا وہیں ان کے چاہنے والے حیرت زدہ رہ گئے۔
یہ خبر اتوار (19 فروری)کو سوشل میڈیا پر چلی اور دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی ،لیکن فریدہ کے قریبی رشتے داروں کی جانب سے اس خبر کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق اب فرید ہ جلال نے خود ٹویٹرپراپنے مرنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 'ابھی زندہ ہیں'انہوں نے بھارتی ویب سائٹ ڈی این اے انڈیا کو دئے گئے انٹرویو میں کافی جارحانہ انداز اختیار کیا اور کہا کہ 'میں بالکل ٹھیک اور صحت مند ہوں ،مجھے نہیں پتہ یہ خبر کہاں سے اور کیسے وائرل ہوئی ،ابتداء میں مجھے یہ نیوز سن کر ہنسی آئی۔
لیکن تقریباً 30 منٹ بعد میرے فون نے مسلسل بجنا شروع کردیا ،اور تمام لوگ مجھ سے ایک ہی سوال پوچھنے لگے جس سے مجھے سخت کوفت اور پریشانی ہونے لگی'۔
بعد ازاں انہوں نے ٹویٹرپر پیغام جا ری کرتے ہوئے کہا کہ'میں اس بات کی تصدیق کرتی ہوں کہ ابھی میں زندہ ہوں ،میرے مرنے کی خبریں افواہوں کے سوا اور کچھ نہیں ،لہٰذا ان جعلی اور غلط خبروں کو پھیلانا بند کیا جائے۔'
I am here to confirm you that i am https://t.co/ua2kJyQ1Je of my death is nothing more than a rumour.Stop spreading fake & false news.
— Farida Jalal (@FaridaJalal__) February 19, 2017
خیال رہے کہ فریدہ جلال وہ پہلی شخصیت نہیں ہیں جن کے مرنے کی خبریں میڈیا پر وائرل ہوئی بلکہ ان سے پہلے بھارتی لیجنڈ دلیپ کمار،امیتابھ بچن ،یو یو ہنی سنگھ وغیرہ کے متعلق بھی ایسی ہی افواہیں گردش کرچکی ہیں۔
واضح رہے کہ فریدہ جلال نے متعدد بھارتی فلموں میں کام کیا ہے جن میں دل والے دلہنیا لے جائیں ،کچھ کچھ ہوتا ہے اور مشہور کامیڈی سیریز شرارت شامل ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔