ڈی ایچ اے سٹی فراڈ کیس ، ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں بارہ روز کی توسیع

شائع 14 جنوری 2016 01:22pm

dha

لاہور:لاہور کی نیب عدالت نے ڈی ایچ اے سٹی فراڈ کیس کے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں بارہ روز کی توسیع کردی،ملزم حمادارشد کی پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر اراضی اسکینڈل کے متاثرین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

نیب عدالت لاہور کے رو برو ڈی ایچ اے سٹی فراڈ میں گرفتار ملزم حماد ارشد کو پیش کیا گیا،نیب کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم سے فراڈ کی رقم وصولی اور اخراجات کی تفصیلات معلوم کرنی ہیں۔چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے،ڈی ایچ اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم نے ڈی ایچ اے کا نام استعمال کر کے لوگوں سے چودہ ارب روپے بٹور لیے۔

ملزم حماد ارشد کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کو موکل کو بے جا پھنسایا جا رہا ہے،وہ معاہدے کے مطابق منصوبہ مکمل کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ملزم کی پیشی کے موقع پر ڈی ایچ اے سٹی کے متاثرین نے مظاہر کیا اور مطالبہ کیا کہ ان کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔

نیب عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں بارہ روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت چھبیس جنوری تک ملتوی کردی۔