اپنے مستقبل کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں کروں گا،جاوید ہاشمی

شائع 14 جنوری 2016 05:52pm

hashmi

ملتان:سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے۔ دہلی میں پی آئی اے کے دفتر اور پٹھان کوٹ حملہ قابل مذمت ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ دہلی میں پی آئی اے کے آفس اور پٹھان کوٹ بیس پر حملہ قابل مذمت ہے۔ جب تک دونوں ممالک مل بیٹھ کر بات نہیں کریں گئے خطہ میں امن قائم نہیں ہو گا۔

بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ خیبر پختو نخواہ سمیت تمام صوبوں کے بلدیاتی نمائندوں کو نہ تو اختیارات دئیے گئے ہیں اور نہ ہی ملیں گئے۔ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات ملنے تک جمہوری عمل ادھورا ہے۔

اپنے سیاسی مستقبل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں آج بھی سیاست میں پوری طرح متحرک ہوں اور مرتے دم تک سیاسی جدوجہد کرتا رہوں گا، اپنے مستقبل کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں کروں گا۔