پی آئی اے ہمارا قومی اثاثہ ہے ،قائم علی شاہ

اپ ڈیٹ 02 فروری 2016 03:40pm

qaim

کراچی:پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے سہیل بلوچ کی قیادت میں وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی ہے۔قائم علی شاہ نے وزیراعظم سے رابطہ کرکے مسئلہ حل کرنے اورواقعہ کی عدالتی تحقیقات کرانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چھ رکن وفد نے سہیل بلوچ کی قیادت میں وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی اورمظاہرین پرتشدد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔قائم علی شاہ نے فائرنگ اورجانی نقصان پراظہارافسوس کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے کہاکہ وہ وزیراعظم سے بات کریں گے اورواقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مہربان آدمی ہیں امید ہے کہ وہ مسئلہ حل کریں گے۔انہوں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے لاشیں سڑکوں پرلاکراحتجاج نہ کرنے کی اپیل کی۔

قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاترکے سامنے لاشیں رکھ کراحتجاج اورنمازجنازہ کی ادائے گی مناسب نہیں ۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ہمارا قومی اثاثہ ہے اوراسکا ہیڈ آفس کراچی میں ہونے کی وجہ سے ہمیں عزیز ہے۔