پی آئی اے ملازمین کا ملک گیر احتجاج جاری

شائع 03 فروری 2016 08:03am

pia-protest-ho-ja

اسلام آباد:پی آئی اے ملازمین کا ملک گیر احتجاج جاری ہے۔ دو ملازمین کی ہلاکت کے بعد احتجاج میں شدت آگئی ہے اور پی آئی اے کے تمام دفاتر بند کردیئے گئے ہیں ۔

پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج اب مزید شدید ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز کراچی میں دو ملازمین کی فایئرنگ سے ہلاکت کے بعد ملازمین نے آپریشن مکمل بند کردیا ہے۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے احتجاج میں پائلٹس کی نمائندہ تنظیم پالپا بھی شریک ہوگئی ہے،ہیڈآفس،ٹریننگ سینٹر،کارگوکمپلیکس سمیت دیگرتمام دفاتربند ہیں۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بھی ملازمین کا احتجاج جاری ہے،یونین آفس میں ملازمین کی بڑی تعداد جمع ہے، جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ ،رینجرز کررہی ہے ،ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے واٹر کینن بھی منگوا لی گئی ہے ۔لاہور ائیرپورٹ پر دو پروازوں نے لینڈ کیا ہے،میلان سے آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے سیون تھری فور اور لندن سے پی کے سیون فائیو ایٹ لاہور ائیرپورٹ پہنچی ہے۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کی درخواست پر نجی ائیرلائنز ائیر بلیو نے اندرون ملک چار پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے،جو لاہور،اسلام آباد اور کراچی کیلئے چلائی جائیں گی۔راولپنڈی میں بھی پی آئی اے ملازمین کا احتجاج جاری ہے۔بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث اندرون و بیرون ملک کی تینتیس پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ایئرپورٹ پر جہاز میں سامان اتارنے اورلادنے کا عملہ موجود نہیں،پشاور میں بھی پروازیں معطل ہیں مرکزی دفتر میں پی آئی اے کے ہلاک ملازمین کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی،کوئٹہ میں پی آئی اے بکنگ آفس میں بھی کام بند ہے جہاں کراچی واقعہ میں جاں بحق ملازمین کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔