ڈاکٹرعاصم حسین کیس کی سماعت تیرہ فروری تک ملتوی

شائع 04 فروری 2016 01:59pm

asim

کراچی:کراچی کی انسداددہشتگردی عدالت نے ڈاکٹرعاصم حسین کیس کی سماعت تیرہ فروری تک ملتوی کردی۔عدالت نے کیس کی دستاویزات ڈاکٹرعاصم کے وکلا کو فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداددہشتگردی عدالت نمبردو میں ڈاکٹرعاصم حسین کیس کی سماعت ہوئی۔تفتیشی افسرنے مفرورملزم سلیم شہزاد سے متعلق رپورٹ جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ سلیم شہزاد عرفیت جبکہ اصل نام سلیم الحق ہے۔تفتیشی افسرکا کہنا تھا الیکشن کمیشن نے سلیم شہزاد کا ریکارڈ دینے کے لیے مزید وقت مانگا ہے۔

ڈاکٹرعاصم کے وکیل نے عدالت میں موٴقف اختیارکیا کہ رینجرزنے تین سوتیس صفحات پرمشتمل رپورٹ کو مال خانے کا حصہ بنادیا۔ہمیں نہیں معلوم ان صفحات پرڈاکٹر عاصم کے خلاف کیا ہے جس پرتفیشی افسر کا کہنا تھا کہ سابقہ تفتیشی افسر نے کیس پراپرٹی سربہ مہر دی تھی جو مال خانے میں جمع کرادی۔عدالت نے کیس کی دستاویزات ڈاکٹرعاصم کے وکلا کو فراہم کرنے کے لیے حکم دیتے ہوئے کہا کہ سربہ مہر دستاویزات جب کھولیں گے تو ناظر گواہ کے طورپرپیش ہوگا۔

عدالت نے ایم کیوایم رہنما روف صدیقی کی ضمانت میں تیرہ فروری تک توسیع منظورکرتے ہوئے سماعت تیرہ فروری تک ملتوی کردی۔