افغان مفاہمتی عمل پراجلاس شیڈول کے مطابق ہو گا،ترجمان دفتر خارجہ

شائع 04 فروری 2016 02:40pm

qazi

اسلام آباد:دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ افغان مفاہمتی عمل پر چارملکی اجلاس شیڈول کے مطابق ہو گا،سانحہ چارسدہ کے افغان سرزمین پر بیٹھے ہینڈلرز کو کیفرکردارتک پہنچانے کے لیے پاکستان اور افغانستان رابطے میں ہیں۔

دفترخارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے ہفتہ واربرفینگ میں بتایا کہ پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے شواہد پہلے ہی اقوام متحدہ اورامریکہ کودے چکے ہیں،سیکرٹری خارجہ مذاکرات کا شیڈول تیارکرنے کے لیے رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اداکارانوپم کھیرکے ویزے کا معاملہ حل ہوچکا ہے،پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے انوپم کھیرسے رابطہ کیا تھا،جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ ابھی کانفرنس میں شرکت کے لیے نہیں آ سکتے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چارسدہ یونیورسٹی میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے افغان سرزمین پربیٹھے ہینڈلرز کوبے نقاب کرنے کے لیے دونوں ممالک رابطے میں ہیں۔افغان مفاہمتی عمل پر چارملکی کوآرڈینشن کمیٹی کا اجلاس شیڈول کے مطابق ہفتے کو ہو گا۔ترجمان نے کہا کہ ہائی کمیشن نے بنگلادیشی حکام سے ڈھاکا میں پاکستانی کے اغوا کا معاملہ اٹھایا ہے۔