چین میں کورونا وائرس سےمزید150افراد ہلاک ،ہلاکتیں 2592ہوگئیں

اپ ڈیٹ 24 فروری 2020 08:20am
فائل فوٹو

بیجنگ:چین میں کورونا وائرس سےصورتحال سنگین ہونے لگی،مزید150افراد ہلاک ہوگئے،ہلاکتیں 2592ہوگئیں۔

چین میں کوروناوائرس کے وار جاری  ہیں،مزید150افراد جان سے گئے،جس کے باعث مرنے والوں کی تعداد 2500 سے تجاوز کرگئی،مرنے والوں میں دوڈاکٹرز بھی شامل ہیں  جبکہ چین سمیت دیگر ممالک میں متاثرین کی تعداد اناسی ہزارسے تجاوز کرچکی ہے ۔

چینی حکام کےمطابق مشکل کی اس گھڑی میں خوشی کی خبربھی سامنے آئی کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران  صوبائی سطح پرچوبیس علاقوں میں وائرس کا کوئی نیا کیس ریکارڈ نہیں ہوا۔

دوسری جانب  متاثرہ دیگر  30ممالک میں کوروناوائرس سےاموات کی تعداد 25ہوگئی۔

جنوبی کوریا میں وائرس کے باعث ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ،7ہلاکتیں اور 750افراد متاثر ہیں۔

 اٹلی میں 3جانیں چلی گئیں،کئی قصبے لاک ڈاؤن کردیے گئےجبکہ نیوزی لینڈ میں چین سے آنے والوں پر پابندی عائد کردی گئی۔

وائرس کے باعث وینس فیسٹیول بھی متاثر ہواجبکہ میلان فیشن ویک میں ڈیزائنرارمانی نےبھی فیشن شو کے لائیو اسٹریمنگ کا اعلان کردیا۔

فلپائن میں اجتماعی شادی کی تقریب ہوئی ، جس میں 220جوڑوں نے ماسک پہن کر رسمیں نبھائیں۔