7 اکتوبر حملے میں ملوث ماسٹر مائنڈز کے خاتمے کے قریب پہنچ گئے: نیتن یاہو کا دعویٰ

اسرائیلی افواج غزہ کے 60 فیصد حصے پر کنٹرول رکھتی ہیں: نیتن یاہو کا دعویٰ
اپ ڈیٹ 18 مئ 2026 12:56pm

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے تمام ذمہ داروں کو ختم کرنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ یہ بیان اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے کمانڈر انچیف کی ہلاکت کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

تل ابیب میں حکومتی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ حملے اور یرغمالیوں کے اغوا میں ملوث تمام ماسٹر مائنڈز کو ایک ایک کرکے ختم کیا جائے گا، اور ان کے مطابق یہ مشن اپنے اختتام کے قریب ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی افواج غزہ کے 60 فیصد حصے پر کنٹرول رکھتی ہیں۔ ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا دائرہ مسلسل وسیع کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں اسرائیلی افواج کی ایک نئی نام نہاد اورنج لائن کی جانب پیش قدمی کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔

نیتن یاہو نے مزید کہا کہ حماس اب ان کی گرفت میں ہے اور اسرائیل کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ غزہ دوبارہ کبھی اسرائیل کے لیے خطرہ نہ بن سکے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے حملے کے بعد اسرائیل نے ان افراد کے تعاقب کا اعلان کیا تھا جنہیں وہ حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیتا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان حملوں میں اسرائیل میں 1221 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اسرائیل نے اس حملے کے جواب میں غزہ پر بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں شروع کیں، جن کے نتیجے میں غزہ کے صحت حکام کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق اب تک تقریباً 72 ہزار 763 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے غزہ، لبنان اور ایران میں حماس کے متعدد سیاسی و عسکری رہنماؤں کو نشانہ بنانے اور ہلاک کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

ان میں حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار، ان کے بھائی محمد السنوار، اور محمد الضیف شامل ہیں جنہوں نے القسام بریگیڈز کی قیادت سنبھالی تھی۔ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ بھی تہران کے دورے کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ امریکa کی ثالثی سے طے پانے والا جنگ بندی معاہدہ 10 اکتوبر سے نافذ ہے، جس کے تحت اسرائیلی افواج کو غزہ کے اندر نام نہاد ییلو لائن تک پیچھے ہٹنا تھا۔ تاہم اس معاہدے کے باوجود غزہ میں کشیدگی اور حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

غزہ کے صحت حکام کے مطابق جنگ بندی کے بعد بھی اسرائیلی حملوں میں 871 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ اسی عرصے میں اسرائیلی فوج نے اپنے 5 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔