پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5170ہوگئی

شائع 12 اپريل 2020 11:00am
فائل فوٹو

لاہور،کراچی:پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا،جس کے بعد تعداد 5170ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نےکوروناوائرس سے متاثرہ افرادکے نئے اعداد وشمارجاری کردیئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافہ ہوا ہے،گزشہ 24گھنٹےکےدوران کورونا کےمزید 132کیسز  رپورٹ ہوئےجس کے بعد پاکستان میں کوروناوائرس کےمریضوں کی تعداد 5170ہوگئی۔

آج کے کیسز کی صورتحال

اتوار 12 اپریل کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے تصدیق شدہ کیسز کے سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

آج کورونا کے مزید 132نئے مریض سامنے آئے ،سندھ میں 93جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 39 کیسزرپورٹ ہوئےجبکہ سندھ میں 2اموات بھی ریکارڈ ہوئیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائر س سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا،جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد2464ہوگئی جبکہ سندھ میں 1411افرادکوروناوائرس کا شکار ہوئے،اس کے علاوہ خیبرپختونخوامیں 697،بلوچستان میں 228،گلگت بلتستان میں216،اسلام آباد میں119 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے35کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 2 مریض جاں بحق ہوئے،جس کے بعد اموات کی تعداد 88ہوگئی۔

کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں 31،سندھ  میں30،پنجاب میں 21،گلگت بلتستان میں 3اور بلوچستان میں 2اوراسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے 1026مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ملک بھر کے 587اسپتالوں میں 1440مریضوں کا علاج جاری ہے،جن میں سے 37 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 353قرنطینہ مراکز میں 17 ہزار 332 افراد کو رکھا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری نئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2805افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 61ہزار 801 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پچیس  اپریل تک کوروناکیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

وفاقی حکومت کا کہنا ہے 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

ملک بھر میں 14اپریل تک لاک ڈاؤن جاری

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پاکستان بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔

مسافر ٹرینیں بند ، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال

وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے  جو  پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا ۔

البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔