آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

اپ ڈیٹ 11 جون 2020 11:08am
فائل فوٹو

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اورمائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ہے جوپاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے جاری مہم کے تناظر میں تھی۔

 بل گیٹس نے پاک فوج کی پولیو مہم میں کردار کو سراہا ہے،پاک فوج پولیو مہم میں سیکیورٹی ، مانیٹرنگ اور پولیو ٹیموں کی استعداد کار بہتر بنانے میں تعاون کر رہی ہے ۔

 ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ گفتگومیں وبا ءکے مستقبل اورٹیکنالوجی کے ذریعے نظام صحت کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

 آرمی چیف نے بل گیٹس اور ان کی فاؤنڈیشن کا بیماریوں کے خاتمے میں کردار پر شکریہ ادا کیا۔

 اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ پولیو مہم قومی فریضہ ہے،پاک فوج  نے حکومت پاکستان اورصوبائی حکومتوں کے شعبہ صحت کے اہم اقدامات میں کردار ادا کیا ہے۔

سربراہ پاک فوج نے مزیدکہا کہ پولیو مہم میں کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز نے کورونا وبا ءکیخلاف فرنٹ لائن پر کام کیا ہے،کورونا وبا ءکے باوجود پاک فوج حکومت کی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں میں شامل ہے ۔

 آرمی چیف کا کہناتھا کہ پاکستان کی بہتری اور عوام کی فلاح کیلئے کسی بھی کام کی بھرپور حمایت کریں گے۔