پاکستان کا طویل فاصلے تک مار کرنے والے 'فتح 4' کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

جدید ایویونکس اور نیویگیشنل سسٹم سے لیس میزائل نے طویل فاصلے تک ہدف کو درستگی سے نشانہ بنایا
شائع 14 مئ 2026 04:54pm

پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ ’فتح 4‘ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔ اس تجربے کو پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور آپریشنل استعداد کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مقامی سطح پر تیار کردہ ’فتح 4‘ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ جمعرات کے روز کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ میزائل جدید ایویونکس اور جدید نیویگیشنل سپورٹ سسٹم سے لیس ہے، اور طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس تربیتی تجربے کا مقصد افواجِ پاکستان کی آپریشنل استعداد میں اضافہ اور مختلف ذیلی نظاموں کے تکنیکی معیار اور کارکردگی کی توثیق کرنا تھا، تاکہ نظام کی درستگی اور صلاحیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اس تجربے کے موقع پر آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران کے علاوہ میزائل تیار کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز بھی مشاہدے کے لیے موجود تھے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ’فتح 4‘ کے کامیاب تربیتی تجربے کو سراہا اور اس میں حصہ لینے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

بعد ازاں وزارتِ داخلہ کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا جس میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ’فتح 4‘ میزائل کے کامیاب تربیتی تجربے پر قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سائنسدانوں اور انجینئرز کی قابلِ ذکر پیش رفت ہے اور دفاعی شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔