گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر لاپتہ

ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ڈاکٹر سید منظور احمد کوئٹہ جاتے ہوئے رابطے سے باہر، مستونگ میں اغوا کا خدشہ
شائع 14 مئ 2026 11:36am

بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں گوادریونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے۔

دونوں اعلیٰ تعلیمی افسران گزشتہ روز گوادر سے کوئٹہ آرہے تھے کہ راستے میں ان سے رابطہ منقطع ہوگیا، جبکہ یونیورسٹی ذرائع نے مستونگ کے علاقے میں اغوا کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ گوادریونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد سرکاری گاڑی میں کوئٹہ جارہے تھے۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ایک لیکچرار اور گاڑی کا ڈرائیور بھی لاپتہ ہوئے ہیں۔

یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افسران ممکنہ طور پر مستونگ کے علاقے میں گاڑی سمیت اغوا ہوئے، جبکہ ان سے آخری رابطہ بھی مستونگ کے قریب ہوا تھا۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتہ افسران کی فیملیز سے رابطے میں ہیں اور ان کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

ڈی سی مستونگ کے مطابق دونوں افسران کے مستونگ کے اطراف پہنچنے کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری کوشش کررہے ہیں کہ لاپتہ افراد کا جلد سراغ لگایا جاسکے۔