ماسکو میں پھنسے 48 پاکستانی وطن پہنچ گئے

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2016 08:05am

paiisatni-mosco000000000

کراچی:ماسکو میں پھنسے اڑتالیس پاکستانی کراچی جبکہ تیس اسلام آباد پہنچ گئے۔ کراچی پہنچنے والے پاکستانیوں سے ایف آئی اے نے پوچھ گچھ کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو میں پھنسے چوراسی میں سے اڑتالیس پاکستانی براستہ دبئی ایمریٹس ائیرلائن کی پرواز ای کے چھ سو چارکے ذریعے کراچی پہنچ گئے۔

تیس پاکستانی ترکش ائیرلائن کی پرواز ٹی کے سات سوچالیس کے ذریعے اسلام آباد پہنچے، ذرائع کے مطابق کراچی پہنچے والے مسافروں سے ایف آئی اے حکام نے پوچھ گچھ کی جس کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی ۔

ائیرپورٹ پہنچے والے پاکستانیوں کا ان کے اہلخانہ نے استقبال کیا،ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے انہیں کسی قسم کی سپورٹ نہیں کی گئی، تاجروں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی واپسی میں وزیراعظم نوازشریف اور میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

تاجروں نے بتایا کہ انہیں ماسکو میں ایک چھوٹے سے کمرے میں رکھا گیا تھا،ٹریول ایجنٹ کی غفلت کی وجہ سے ایسا ہوا،حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ معاملے کی تحقیقات کرے۔

ذرائع کے مطابق ایک پاکستانی کی طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے دیگر دو پاکستانی بھی ماسکو میں رک گئے وہ بھی بہت جلد وطن واپس پہنچیں گے،ترکی میں پھنسے اڑتالیس میں سے تیس پاکستانی استنبول سے پاکستان کیلئے روانہ ہوئے جو ترکش ائیر لائین کی پروار ٹی کے سات سو چالیس کے ذریعے صبح چار بجے اسلام آباد پہنچے۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے باقی اٹھارہ پاکستانیوں کو جلد وطن واپس لایا جائے گا۔