ایران نے پروجیکٹ فریڈم کے تحت جہازوں کو نشانہ بنایا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے پروجیکٹ فریڈم کے تحت امریکی جہازوں کو نشانہ بنایا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹادیں گے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایران کی 7 چھوٹی کشتیوں کو تباہ کر دیا ہے، ایرانی کارروائیوں کے نتیجے میں صرف جنوبی کوریا کے ایک جہاز کو نقصان پہنچا ہے۔
پیر کو امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں ”پروجیکٹ فریڈم“ کے تحت جہازوں کی نقل و حرکت کے دوران متعدد جہازوں پر فائرنگ کی، ان کارروائیوں کے جواب میں امریکی فورسز نے ایران کی 7 چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جنہیں ایرانی حکام ”فاسٹ بوٹس“ کہتے ہیں۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈلی کوپر نے بھی بتایا تھا کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں ایران کی 6 چھوٹی کشتیوں کو تباہ کیا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ایرانی فائرنگ کے نتیجے میں جنوبی کوریا سے منسلک ایک کارگو جہاز کو نقصان پہنچا تاہم اس کے علاوہ دیگر جہاز محفوظ رہے اور کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران نے ایسے ممالک پر حملہ کیا جن کا اس جنگ سے کوئی تعلق نہیں، اب وقت ہے کہ جنوبی کوریا بھی اس مشن میں شامل ہو، انہوں نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے امریکی جہازوں پر حملہ کیا تو اسے دنیا کے نقشے سے مٹا دیں گے۔
امریکی حکام کے مطابق ”پروجیکٹ فریڈم“ ایک ایسا اقدام ہے جس کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی معاونت کی جا رہی ہے، جس میں گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز، فضائی و بحری طیارے، بغیر پائلٹ سسٹمز اور ہزاروں فوجی اہلکار شامل ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس پہلے کے مقابلے میں زیادہ جدید ہتھیار اور اسلحہ موجود ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، امریکا کے دنیا بھر میں فوجی اڈے موجود ہیں جو امریکی فوجی اڈے جدید ترین آلات سے لیس ہیں، ضرورت پڑنے پر ہم اپنے تمام جدید ہتھیار استعمال کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران مذاکرات میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ لچک دکھا رہا ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز میں جاری امریکی اقدامات کو ”بڑی فوجی حکمت عملی“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حالیہ دور کی اہم کارروائیوں میں سے ایک ہے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ کیا کہ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اس معاملے پر کل صبح پریس کانفرنس کریں گے۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک جنوبی کوریائی جہاز پر دھماکہ اور آگ لگنے کا واقعہ بھی پیش آیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور آبنائے ہرمز ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن چکی ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے سخت بیانات سامنے آ رہے ہیں۔














