اعتزاز احسن کی چوہدری نثار پر شدید تنقید

شائع 12 اپريل 2016 02:01pm
aitzaz فائل فوٹو

اسلام آباد: اعتزاز احسن نے حکومت بالخصوص چوہدری نثار علی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایاہے۔ کہتے ہیں نواز شریف بیمارنہیں آصف زرداری کے پاوں پکڑنے لندن جا رہے ہیں ، نوازشریف کی مدد کی تو خود پھنس جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار تمام ادب آداب بھول گئے ہیں۔

سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، کہا چوہدری نثار نے مے فیئر کی جائیداد کا اعتراف کر کے نواز شریف کو پھنسا دیا،اب نواز شریف کے پاس صفائی کا کوئی امکان نہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف لندن علاج کرانے نہیں آصف زرداری کے قدموں کو ہاتھ لگانے جا رہے ہیں، اپنی رائے چیئرمین و شریک چیئرمین کو پہنچاوں گا۔اگر اب کی بار نواز شریف کا ساتھ دیا تو نقصان پیپلز پارٹی کا ہوگا۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خاندان میں بھی گڑبڑ ہے، شہباز شریف نے پاناما لیکس پہ کوئی بیان نہیں دیا،شریف فیملی میں ولی عہدی کی لڑائی ہے کہ کیا مریم نواز ولی عہد ہوں گی یا حمزہ۔ان کا کہنا تھا کہ میں چوہدری نثار کے اعصاب پہ سوار ہو گیا ہوں،انہوں نے غیر شائستہ زبان استعمال کی، میرا احتساب چوہدری نثار اپنے ماتحت افسر سے کروا لیں لیکن اپنے اثاثے اور ٹیکس بھی بتائیں۔

اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف کی بیماری میری تقریر کی وجہ سے ہوئی ہے تو میں آئندہ اتنا سچ نہیں بولوں گا۔اسحاق ڈار نے مولویوں کو ڈی چوک سے اٹھا دیا ورنہ معاملہ کہیں اور جا رہا تھا،لگتا ہے چھوٹا بھائی بڑے بھائی کے خلاف سازش کر رہا ہے۔