سندھ ہائیکورٹ:28 اپریل تک بچے کو بازیاب کراکے پیش کرنے کا حکم

شائع 13 اپريل 2016 09:54am
 بچے کو بازیاب کرا کر عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا،فائل فوٹو بچے کو بازیاب کرا کر عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا،فائل فوٹو

کراچی:شوہر کی جانب سے لخت جگر چھینے جانے پر خاتون دہائیاں دے رہی ہے ، سندھ ہائی کورٹ نے اٹھائیس اپریل تک بچے کو بازیاب کرا کر عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں اپنے لعل کے لیے روتی بلکتی یہ ماں گلستان جوہر کی رہائشی ماریہ ہے،ماریہ نے اپنے بچے کی واپسی کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ عدالت میں پیشی کے دوران خاتون نے اپنے شوہر پر حملہ کردیا اور بچے کی واپسی کی دہائی دیتی رہی۔

ماریہ کے مطابق ماریہ اوراسکا خاوند ارشد اختلافات کے باعث علیحدگی اختیار کر چکے ہیں ، اتوار بازارمیں ماریہ اور اسکے شوہر ارشد کے درمیان جھگڑا ہوا اور ماریہ کے مطابق ارشد اسکا سولہ ماہ کا بچہ چھین کر لے گیا اور اسے سوات منتقل کر دیا۔

عدالت نے پولیس کو بچے کو اٹھائیس اپریل تک بازیاب کراکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ خاتون کے وکیل خواجہ نوید کا کہنا تھا کہ عدالت نے مقدمے کا ابھی فیصلہ نہیں سنایا۔

عدالت نے مقدمے کی سماعت اٹھائیس اپریل تک ملتوی کردی۔ پولیس نے خاتون کے شوہر کو اپنی تحویل میں عدالت سے بھیج دیا۔