مقبوضہ کشمیر :پر امن جلو س پر بھارتی فوج کی فائرنگ ،شہداء کی تعداد چار ہوگئی
فائل فوٹو
سری نگر :مقبوضہ کشمیر میں پْرامن جلوس پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی، مقبوضہ وادی میں آج مکمل ہڑتال تھی،جبکہ احتجاج روکنے کیلئے سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ رہا۔
مقبوضہ کشمیر کے علاقے ہندواڑہ میں اسکول کی طالبہ سے بھارتی فوجی کی دست درازی اور فائرنگ سے ہونے والی شہادتوں کے خلاف وادی میں آج مکمل ہڑتال رہی۔
بھارت کی جانب سے کرفیو کے نفاذ کے باوجود کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ کپواڑہ میں بھارتی پولیس نے کشمیریوں پر آنسو گیس پھینکی اور لاٹھی چارج کیا، شیل لگنے سے مظاہرے میں شامل کم عمر لڑکا شہید ہوگیا۔مقبوضہ وادی میں گزشتہ دو روز سے جاری احتجاج میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر چار ہوگئی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ منگل کو احتجاج پْرامن تھے لیکن بھارتی فوج اور پولیس نے مظاہرین پر فائر کھول دیا۔ گولیاں لگنے سے دو نوجوان محمد نعیم اور محمد اقبال شہید ہوگئے۔فائرنگ سے چھہ زخمیوں میں شامل ستر سالہ بزرگ خاتون رات گئے زخموں کی تاب نہ لاسکیں اور چل بسیں۔دیگر پانچ زخمیوں کی حالت بھی نازک ہے۔
بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ ہلاکتیں اس کی فائرنگ سے نہیں ہوئیِ تاہم وادی کے حکام کے مطابق لاشوں سے ملی گولیوں کی فارنزک جانچ کی جائے گی، اس کے بعد ہی یہ طے کیا جائے گا کہ گولی کس نے چلائی تھی۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔