پاکستانی شہریوں کولیبیا،عراق،یمن اور شام کا سفرنہ کرنےکی ہدایت

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2016 11:50am
پاک بھارت مذاکرات کیلئے رابطے جاری ہیں،نفیس ذکریا / فائل فوٹو پاک بھارت مذاکرات کیلئے رابطے جاری ہیں،نفیس ذکریا / فائل فوٹو

اسلام آباد:حکومت نے پاکستانی شہریوں کو لیبیا،عراق،یمن اور شام کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی،ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا کا کہنا ہے پاک بھارت مذاکرات کیلئے رابطے جاری ہیں،مشترکہ تحقیقاتی ٹیم دورہ بھارت کے نتائج کا جائزہ لے رہی ہے۔

دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ہفتہ واربریفنگ میں بتایا کہ پاکستانی شہریوں کو لیبیا،عراق،یمن اورشام کا سفرنہ کرنے کی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے،ہدایات ان ممالک میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال پرجاری کیں۔

دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں چار کشمیری شہریوں کی بھارتی افواج کے ہاتھوں شہادت پر سخت تشویش ہے،انہوں نے عالمی برادری پرزوردیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں کردارادا کرے۔

ترجمان نے بتایا کہ خارجہ سیکریٹریز کی سطح کے پاک بھارت مذاکرات کیلئے دونوں ممالک رابطے میں ہیں،مشترکہ تحقیقاتی ٹیم دورہ بھارت کا نتائج کا جائزہ لے رہی ہے،ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی قیدی کرپال سنگھ کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی،موت کو کسی سازش سے جوڑنا مناسب نہیں۔