ایم کیوایم کی جگہ کسی کولانا ہے تو ہم سے بہترلوگ لائیں،خالد مقبول

شائع 14 اپريل 2016 12:45pm
khalid فائل فوٹو

اسلام آباد:ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں جن لوگوں کو مجرمانہ سرگرمیوں پر پارٹی سے نکالا وہ آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں،ایسے عناصر کو ہمارے خلاف استعمال کیا جارہا ہے،سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے کرسندھ حکومت سے جواب طلب کرے۔

پارلیمنٹ ہاوس کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم نے مجرمانہ سرگرمیوں پر کئی کارکنوں کو پارٹی سے نکالا مگر وہ آج بھی دندناتے پھررہے ہیں اور منتخب عوامی نمائندے روپوشی پرمجبورہیں۔انہوں نے کہا کہ چائنا کٹنگ سمیت سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو حکومت چھتری فراہم کررہی ہے،انہیں ہمارے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جو غلط ہیں ان کا احتساب عدالتیں اور عوامی عدالتیں کرتی ہیں، ہمیں عوام نے منتخب کیا، اگرایم کیوایم کی جگہ کسی کولانا ہے تو ہم سے بہترلوگ لائیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے عدالت عظمی سے سوموٹو کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر سندھ حکومت سے جواب طلب کیا جائے۔