مشرف بغیر اجازت بیرون ملک گئے ، وفاق

اپ ڈیٹ 16 اپريل 2016 08:12pm

musharaf_imaeg

فائل فوٹو

اسلام آباد:حکومت کہتی ہے کہ سابق صدر پرویزمشرف ملک سے گئے نہیں بلکہ رات کے اندھیرے میں بغیر اجازت فرار ہوئے، وفاق نے خصوصی عدالت سے استدعا کی ہے کہ سابق آرمی چیف کی سنگین غداری کیس میں حاضری کو یقینی بنانے کیلئے انکے ریڈ وارنٹس جاری کئے جائیں۔

وفاقی حکومت نے خصوصی عدالت سے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف رات کے اندھیرے میں ملک سے فرار ہوئے،مشرف نے نہ تو حاضری سے استثنٰی کی درخواست پر دستخط کئے اور نہ ہی باہر جانے کیلئے عدالت سے اجازت لی،اس لئے انکے لئے ریڈ وارنٹ جاری کئے جائیں تاہم مشرف کو خود حکومت نے علی الاعلان ملک سے باہر جانے کی اجازت دی تھی، جس کی تصدیق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے میڈیا پر آکر کی۔لیکن حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر جب عدالت نے جواب مانگا تو حکومت مشرف کو عدالت میں پیش کرنے کیلئے بے چین ہوگئی۔

حکومت استثنیٰ کی درخواست کی بھرپور مخالفت کررہی ہے، اس حوالے سے وفاق نے اپنا جواب خصوصی عدالت میں جمع کرادیا ہے۔آج نیوز کو موصول ہونے والی کاپی میں وکیل استغاثہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سنگین غداری کیس میں حاضری سے استثنی کی درخواست پرویز مشرف کے اپنے دستخط کے بغیر نا قابل قبول ہے۔ وفاق کے جواب میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف خصوصی عدالت کے علم میں لائے بغیر بیرون ملک سے چلے گئے۔ اس لئے خصوصی عدالت پرویز مشرف کی حاضری یقینی بنانے کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کرے۔