حکمران ملک کو ذاتی کاروبار کی طرح چلا رہے ہیں،طاہر القادری

شائع 22 دسمبر 2015 01:31pm

12

لاہور:پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ حکمران ملک کو ذاتی کاروبار کی طرح چلا رہے ہیں،کرپشن کے تحفظ کے لیے وفاق اور سندھ ایک پیج پر ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں چودہ لاشیں اور سو زخمی رینجرز آپریشن کا انتظار کر رہے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری بین الاقوامی پرواز کے ذریعے لاہور ائیرپورٹ پہنچے تو کارکنان نے ان کا استقبال کیا،پھول نچھاور کیے اور نعرے بازی کی۔

لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ملک مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے،کرپشن کو تحفظ دینے کے لیے حکمرانوں کا چھتہ بنا ہوا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دہشتگردی میں کرپشن کا پیسہ استعمال ہوتا ہے اور ہر دہشتگردی کے پیچھے حکمران طبقات کے نشان ملتے ہیں۔ طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالے سے حکمرانوں سے انصاف کی توقع نہیں،سانحہ ماڈل ٹاوٴن کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ذمہ دار لٹکائے جائیں گے۔

طاہرالقادری نے کہا کہ سندھ میں رینجرز اختیارات پر وفاق اور سندھ حکومت ایک پچ پر ہیں،دونوں گیند ایک دوسرے کے کورٹ میں پھینک رہے ہیں۔

طاہرالقادری نے خبردار کیا کہ سندھ میں بھیانک کھیل کھیلا جارہاہے، سندھ میں آپریشن کو روکنے کے لیے نت نئی شرائط رکھی جارہی ہیں۔