تکنیکی خرابی: یو اے ای میں پاکستانی سفارت خانے کی پاسپورٹ سروسز معطل
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے نے پاسپورٹ پراسیسنگ سروس عارضی طور پر معطل کر دی ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کو پاسپورٹ خدمات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفارت خانے نے بدھ کے روز تکنیکی مسائل اور معمول کے مرمتی امور کے باعث پاسپورٹ کے اجراء کو معطل کرنے کی تصدیق کی ہے۔
سفارت خانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی شہری اپنے پاسپورٹ کے لیے آن لائن درخواست کا طریقہ استعمال کریں یا مزید ہدایات کا انتظار کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سروس بحال ہوتے ہی آگاہ کر دیا جائے گا تاکہ شہری غیر یقینی صورت حال کا شکار ہونے کے بجائے بروقت معلومات حاصل کر سکیں۔
اس سے قبل ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے نے ایک اعلان میں بتایا تھا کہ یکم مئی کو مزدور ڈے کے موقع پر دفاتر بند رہیں گے، جب کہ معمول کی سرگرمیاں 4 مئی کو دوبارہ بحال ہوجائیں گی۔















