افغان چیک پوائنٹس پر سخت نگرانی کی جائے گی، ترجمان پاک فوج

شائع 15 جون 2016 10:54am
 پاک افغان حکام کے سفارتی اور فوجی سطح پر رابطے ہیں،عاصم سلیم باجوہ - فائل فوٹو پاک افغان حکام کے سفارتی اور فوجی سطح پر رابطے ہیں،عاصم سلیم باجوہ - فائل فوٹو

راولپنڈی:ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے افغان چیک پوائنٹس پر سخت نگرانی کی جائے گی، دستاویزات  کے بغیر بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے بتایا کہ طورخم پر کوئی نیا گیٹ نہیں بنا رہے، یہاں 2004میں بھی گیٹ بنا ہوا تھا۔ شاہراہ کی تنصیب کی وجہ سے اسے ہٹایا گیا، نیا گیٹ 37میٹر پاکستانی سرحد کے اندر بنایا جا رہا تھا، افغان فوج نے فائرنگ کی، پاکستان نے جوابی کارروائی کی، افغان فائرنگ سے 1افسر شہید اور 27اہلکار زخمی ہوگئےہیں۔

لیفٹیننت جنرل عاصم باجوہ کے مطابق پاک افغان حکام کے سفارتی اور فوجی سطح پر رابطے ہیں، کوئی نہیں چاہتا کہ سرحدی تنازعہ طول پکڑے تاہم پاک افغان امن عمل کا ٹائم فریم نہیں دیا جا سکتا۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے بارڈر مینجمنٹ کا میکینزم پاکستان کے ساتھ افغانستان کے بھی مفاد میں ہے۔ عاصم سلیم باجوہ نے کہا دستاویزات کے بغیر پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، گاڑیوں کی دستاویزات کی بھی مکمل چیکنگ ہوگی۔

 لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا افغان چیک پوائنٹس پر سخت نگرانی کی جائے گی، پی اے ایف بیس اور بڈھ بیڑ پر حملہ کرنے والے طورخم کے راستے سے داخل ہوئے۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا تمام سرحد کو سیل کیا جائےگا، سرحد پر تعیناتی کیلئے ایف سی کے نئے ونگز بنائے جائیں گے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں افغان ایجنسی آئی ڈی ایف کے نیٹ ورک پکڑے گئے ہیں۔