اسلامی اتحاد میں شمولیت کا حتمی فیصلہ نہیں کیا،سرتاج عزیز
اسلام آباد:سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور نے اسلامی اتحاد میں شمولیت پر تحفظات کا اظہار کر دیا، مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں اسلامی اتحاد میں شمولیت کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، کمیٹی ارکان نے اسلامی اتحاد کے حوالے سے تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
سینٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس نزہت صادق کی صدارت میں ہوا ، جس میں ہارٹ ایف ایشیاء ، ایس سی او سمٹ ، بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کی رکنیت کے حصول میں پاکستان کی شکست پر دفتر خارجہ حکام نے بریفنگ دی۔
زرائع کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کمیٹی کو بتایا کہ سعودی اتحاد داعش کے خلاف جنگ تک محدود ہے اور پاکستان اصولی طور پر دہشت گردی کے خلاف ہر سطح پر تعاون کا حامی ہے۔ تعاون کی نوعیت کے حوالے سے تفصیلات کا انتظار ہے۔ تاحال سعودی اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا۔
کمیٹی اراکین نے پاکستان کے سعودی اتحاد میں شمولیت کے حوالے سے ابہام دور کرنے اور تفصیلات سے پارلیمنٹ کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی رکن شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے اتحاد میں شمولیت کے لئے درست طریقہ اپنانے پر زور دیا ہے اور تفصیلات چاہی ہیں کہ یہ اتحاد پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں میں کیا مدد کرے گا۔
سرتاج عزیز نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان شام کی سا لمیت ، علاقائی خود مختاری کو تسلیم کرتا ہے اور حکومت تبدیلی کے خلاف ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔