ترکی: یومِ مئی ریلیوں پر پولیس کا کریک ڈاؤن، درجنوں گرفتار

استنبول میں آنسو گیس کا استعمال، تقسیم اسکوائر سیل
شائع 01 مئ 2026 03:31pm

ترکی کے شہر استنبول میں یومِ مئی کے موقع پر پولیس نے ریلیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے آنسو گیس کا استعمال کیا اور درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا، جبکہ شہر کے اہم علاقوں میں سخت سیکیورٹی نافذ رہی۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر استنبول میں ہونے والے مظاہروں کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ ترک میڈیا نے کم از کم 57 گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق شہر کے یورپی حصے میں ان گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی جو ماضی میں حکومت مخالف احتجاج کا مرکز رہنے والے تقسیم اسکوائر کی جانب مارچ کرنا چاہتے تھے۔ پولیس نے اس علاقے کو پہلے ہی سیل کر رکھا تھا۔

میجیدیے کوئے میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی گئی، جبکہ بشکتاش میں پولیس نے مظاہرین کو گھیر کر بعض مواقع پر طاقت کا استعمال کیا اور کئی افراد کو زمین پر گرا کر گرفتار کیا۔

یومِ مئی کے موقع پر ترکی میں ہر سال سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جاتے ہیں اور استنبول کے مرکزی علاقوں خصوصاً تقسیم اسکوائر کے اطراف کو بند کر دیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی مظاہرے کادیکوئے منتقل ہوئے تھے جہاں 400 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس سال مزدور تنظیموں اور سول سوسائٹی نے “روٹی، امن اور آزادی” کے نعرے کے تحت مظاہروں کی کال دی تھی، جبکہ حکام نے پیشگی طور پر متعدد افراد کے وارنٹ بھی جاری کیے تھے۔