پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور تیز بارش،100فیڈرز ٹرپ

اپ ڈیٹ 17 جون 2016 08:33am
آندھی اور بارش کے باعث کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے - فائل فوٹو آندھی اور بارش کے باعث کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے - فائل فوٹو

لاہور:پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور تیز بارش نے تباہی مچادی، لاہور شہر میں 100سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

لاہور میں رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش نے ہرطرف جل تھل کردیا ،آندھی اور تیز بارش سے بجلی کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

 جوہرٹاؤن، ٹاون شپ، نیو مسلم ٹاون، نیوکیمپس، صحافی کالونی، ہربنس پورہ اور باٹا پور سمیت کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے،بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لیسکو ترجمان کے مطابق ،بارش سے شیخوپورہ اور لاہور میں 250سے زائد فیڈر متاثر ہوئے، 150فیڈر بحال جبکہ باقی 100کی بحالی کا کام جاری ہے۔

شیخوپورہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، قصور اور نواحی علاقوں میں بھی آندھی کے بعد ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد اور لاہور ڈویژن میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔