سانحہ ماڈل ٹاون ،طاہرالقادری کا رویہ نامناسب ہے،رانا ثناء اللہ

شائع 17 جون 2016 04:16pm
ranasanaullha)_image فائل فوٹو

لاہور :وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاوٴن سے متعلق ڈاکٹرطاہرالقادری کا رویہ نامناسب ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہناتھا کہ سانحہ ماڈل ٹاوٴن کا مقدمہ درج ہوا اور اس پر جے آئی ٹی بھی تشکیل ہوئی جس کے سامنے وہ،پولیس اہلکار اوروزیراعلیٰ پنجاب بھی پیش ہوئے اور متعددپولیس اہلکار تاحال جیل میں بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرطاہر القادری کا موٴقف ہے کہ انہیں دوسال سے انصاف نہیں ملا درحقیقت ان کا اپنا رویہ ہی سانحہ ماڈل ٹاوٴن پر نامناسب رہا ہے ،رانا ثنااللہ نے کہاکہ اگرسانحہ ماڈل ٹاوٴن کی تحقیقات میں کوئی غفلت ہوئی تو وہ خود قصوروار ہوں گے لیکن اگر کوئی خوشگوار ماحول کو جوش خطابت سے الجھانا چاہے تو کچھ نہیں کیا جاسکتا۔

پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کے حوالے سے راناثناء اللہ کا کہناتھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسے کی اجازت نہیں دی گئی لیکن اگر ڈاکٹر صاحب اپنی ذمہ داری پر دھرنا دینا چاہتے ہیں تو انتظامیہ تعاون کرے گی۔