جماعت اسلامی کاعید کےبعد راولپنڈی سے پیدل مارچ کا اعلان

اپ ڈیٹ 20 جون 2016 10:09am
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاہور:جماعت اسلامی نے عید کے بعد راولپنڈی سے پیدل مارچ کا اعلان کردیا ہے۔ امیرجماعت سراج الحق کہتے ہیں حکومت جب اپوزیشن کی بات سننے سے انکار کردے تو احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچتا۔

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پانامالیکس پر حکومت کے ساتھ مذاکرات کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہو رہا۔

حکومت چاہتی ہے کہ وزیراعظم کے علاوہ سب کا احتساب ہو،سپریم کورٹ نے بھی پانامالیکس پر از خود نوٹس نہیں لیا اور نہ نیب نے کوئی کاروائی کی۔راولپنڈی میں پیدل مارچ کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ بھارت کا نیوکلئیر کلب کا ممبر بننا اس خطے کے لیے خطرناک ہے،امریکا بھارت کو خطہ میں پولیس مین بنانا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے باہمی تعلقات بہتر ہونے چاہیے،حالات کے کشیدہ ہونے کا فائدہ بھارت کو ہو گا،افغان مہاجرین واپس جانا چاہتے ہیں مگر حالات بہتر ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔