وزیراعظم،وزیراعلی سندھ اورگورنرکا اویس شاہ کےاغواءکانوٹس

شائع 21 جون 2016 08:37am
مغوی کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت - فائل فوٹو مغوی کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت - فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے جسٹس سجاد علی شاہ کےبیٹے اویس علی شاہ  کے اغواء کا نوٹس لیتے ہوئے مغوی کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کردیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایجنسیوں کو جسٹس سجاد علی شاہ کے بیٹے اور سندھ ہائی کورٹ کے وکیل بیرسٹر اویس علی شاہ کی فوری بازیابی کیلئے مؤثر کارروائی کا حکم دیا ہے۔

 وزیراعظم نے تمام دستیاب فرانزک شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کرنے کی بھی ہدایات جاری کردیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ بیرسٹر اویس کی جلد اور محفوظ بازیابی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

وزیراعظم نے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کو تمام صورتحال، تحقیقاتی عمل اورمغوی کی فوری بازیابی کیلئے جاری امور کی مکمل نگرانی کرنے اور لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کردیں۔

 وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے بھی  واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مغوی کی فوری بازیابی کا حکم دیا ہے۔