چیف جسٹس کے بیٹے اویس شاہ کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا

شائع 22 جون 2016 04:05pm

فائل فوٹو فائل فوٹو

کراچی :چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے مغوی بیٹے کی بازیابی میں تاحال کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، پولیس اندھیرے میں تیر چلارہی ہے، پولیس نے حساس اداروں کی پیشگی رپورٹ کو بھی نظرانداز کیا اور شہری کی اطلاع پر بھی فوری کارروائی نہیں کی۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے اویس شاہ کا تاحال کچھ پتہ نہ چل سکا،ذرائع کے مطابق مغوی اویس شاہ کی بازیابی کیلئے آٹھ رکنی ٹیم تشکیل دی گئی،گذشتہ رات اجلاس میں کئی گھنٹے بحث و تکرار کے باوجود ملزمان کے مقصد کا تعین نہ ہوسکا،اجلاس میں شریک افسران اس بات پر بھی متفق نہیں کہ اویس شاہ کراچی میں موجود ہیں یا نہیں۔

اس حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی مدد گار ثابت نہیں ہوپارہیں کیونکہ تمام فوٹیجز میں گاڑی کسی بھی مقام پر رکی نہیں ہے،ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے پولیس کو کئی روز قبل کلفٹن تین تلوار سے دو تلوار کے درمیان کارروائی کے خدشہ سے آگاہ کیا تھا،تاہم پولیس نے خاطرخوا اقدامات نہیں کئے اور واردات کے بعد جب شہری نے پولیس کو اطلاع دی تو اس وقت بھی پولیس نے قدرے سستی کا اظہار کیا۔