پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ہرسو جل تھل

شائع 22 جون 2016 04:11pm

فائل فوٹو فائل فوٹو

پنجاب :لاہورسمیت پنجاب بھر میں موسلادھاربارش نے ہرسو جل تھل کردیا،موسم تو خوشگوار ہوا لیکن نشیبی علاقے زیرآب آنے سے سڑکیں جوہڑوں میں تبدیل ہوگئیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور اور اس کے گردونواح میں ابررحمت خوب برسا،روزہ داروں نے تو سکھ کا سانس لیا مگرنشیبی علاقوں کے زیرآب آنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ،کہیں سڑکیں پانی سے ایسی بھریں کہ ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں بچوں نے تو اسے سوئمنگ پول ہی سمجھ لیا مگر شہری کہتے ہیں کہ سڑکوں اور گھروں میں کھڑا پانی بیماریوں کو جنم دیتا ہے حکومت سڑکیں بنانے کے ساتھ نکاسی آب کا نظام بھی بہتر بنائے۔

گڑھی شاہو،لکشمی چوک،جی پی او چوک،وارث روڈ کوئنز روڈ،مزنگ اور فیروزپورروڈ سے ملحقہ بیشتر سڑکیں زیرآب رہیں۔ موٹرسائیکل اور گاڑیاں بند ہونے سے گھنٹوں ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی جس کے باعث دفتر جانے والے افراد کو منزل مقصود پر پہنچنا دشورا ہوگیا۔شہری کہتے ہیں کہ ضلعی انتظامیہ دعوے تو بڑے کرتی ہے کام بھی کر کے دکھائے۔

شہر بھر میں چالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تاہم بارش کے باعث صوبے بھر میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی جبکہ موسلادھار بارش اور مطلع ابر آلود ہونے سے فلائٹ آپریشن بھی گھنٹوں متاثر رہا۔