لاہور :بچوں کے اغواء کا سلسلہ جاری،مزید دو غائب

شائع 01 اگست 2016 05:39pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاہور:لاہور میں بچوں کے اغواء کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ انارکلی اور والٹن کالونی سے مزید دو بچے اغواء ہو گئے سات ماہ کے دوران اغوا ہونیوالے بچوں کی تعداد دو سو بیس تک پہنچ گئی جن میں سے ایک سو چھیانوے بچے گھروں میں واپس پہچ گئے ہیں۔

چوبیس گھنٹوں کے دوران انارکلی سے تین سالہ بچی اور والٹن کالونی سے تیرہ سالہ بچہ شہریار لاپتہ ہوگیا۔ سات ماہ کے دوران اغواء ہونیوالے بچوں کی تعداد دو سو بیس تک پہنچ گئی جن میں سے ایک سو چھیانوے بچے واپس آچکے ہیں۔ پولیس کا دعوی ہے کہ زیادہ تر بچے خود گھروں سے بھاگے۔

آج بھی باغبانپورہ کے علاقے میں مبینہ اغواء کار کو پکڑنے کے بعد شہریوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور اغواء کار کو شہریوں کے چنگل سے چھڑایا۔ پولیس تفتیش کے مطابق تشدد کا نشانہ بننے والے چونگی امرسدھو کے رہائشی محسن کیخلاف اغوا کرنے کے شواہد نہیں ملے اور نہ ہی واقعہ کا مدعی سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق گذشتہ پانچ روز کے دوران ستائیس بچے داتا دربار سے پکڑ کر والدین اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کئے جا چکے ہیں جبکہ سات بچے خود گھروں کو واپس آئے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں چار سو سے زائد بچے موجود ہیں جن کے ورثاء کی تلاش جاری ہے۔