امریکا ور اسرائیل کے لیے جاسوسی کا الزام، ایران میں ایک اور شخص کو پھانسی

عرفان شکورزادہ نے سیٹلائٹ سرگرمیوں سے متعلق خفیہ معلومات غیر ملکی ایجنسیوں کو فراہم کیں، ایرانی عدلیہ
شائع 11 مئ 2026 12:00pm

ایران نے امریکا اور اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں کے لیے مبینہ جاسوسی کے الزام میں ایک اور شخص کو پھانسی دے دی۔

ایرانی عدلیہ کے خبر رساں ادارے میزان کے مطابق ایران نے عرفان شکورزادہ نامی شخص کو سزائے موت دے دی، جسے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور اسرائیلی انٹیلی جنس ادارے موساد کیلئے جاسوسی کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔

میزان کے مطابق ایرفان شکورزادہ ایک سائنسی ادارے سے وابستہ تھا جو سیٹلائٹ سرگرمیوں میں کام کر رہا تھا، اور اس نے حساس و خفیہ سائنسی معلومات غیر ملکی خفیہ اداروں کو فراہم کیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سزا پر عمل درآمد کیا گیا۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ 29 سالہ ایرفان شکورزادہ، جو ایرو اسپیس انجینئرنگ کا گریجویٹ تھا، کو گزشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا اور اس سے زبردستی اعترافِ جرم کروایا گیا۔

تنظیم کے مطابق دورانِ حراست اس پر دباؤ ڈالا گیا، جبکہ ایرانی حکام نے اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔