ٹی او آر کمیٹی اجلاس،شیخ رشید اور خورشید شاہ میں نوک جھونک

شائع 17 اگست 2016 05:51pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:ٹی او آر کمیٹی کے اپوزیشن اجلاس میں خورشید شاہ اورشیخ رشید میں تو تو میں میں ہو گئ ۔عوامی لیگ کے سربراہ  شیخ رشید نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما  خورشید شاہ کو فرینڈلی اپوزیشن کا طعنہ دیا ۔ تو اپوزیشن لیڈر نے ان پر چوہدری نثارکیلئے نرم گوشہ رکھنے کا الزام دھر دیا ۔

ٹی او آرز سے متعلق اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہواجہاں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب خورشید شاہ اور شیخ رشید میں نوک جھونک ہوئی۔شیخ رشید نے پہلے وار کرتے ہوئے خورشید شاہ سے کہا کہ آپ حکومت کے متعلق بہت نرم گوشہ رکھتے ہیں،عام تاثر یہ بھی ہے کہ آپ فرینڈلی اپوزیشن ہیں۔

خورشید شاہ نے بھی ترکی بہ ترکی جواب دیا اورکہا آپ بھی چوہدری نثار کیلئے نرم رویہ رکھتے ہیں۔جواب سن پر شیخ رشید فرنٹ فٹ پر آئے اور بڑی آفر کر ڈالی اورکہا کہ آپ نوازشریف سے دوستی چھوڑ دیں، یقین دلاتا ہوں چوہدری نثار آپ کیخلاف کچھ نہیں کہیں گے۔

اس نوک جھونک کے بعد دونوں رہنما اجلاس سے اٹھ کرچلے گئے، شیخ رشید تو ایسے روٹھے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے ہونےوالی ملاقات میں بھی نہیں گئے۔